بنگلورو،21؍ مئی (ایس او نیوز)کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ (کے آئی اے)پر 150بستروں پر مشتمل آکسیجن سہولت والے کووِڈ19- سنٹر نے کام شروع کردیا ہے۔ کل یہاں وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے اس کا عملی طور پر افتتاح کیا۔ہوائی اڈے کے کارگو ٹرمینلز کے قریب واقع کووڈ ایڈ ایٹ بی ایل آر پر یہ مرکز عوام اور ملازمین کے لئے کھلا ہے۔ مریض نوڈل افسران (سنپایا: 9448116661) اور ڈاکٹر سنجے (9538279991) سے رابطہ کرکے مرکز میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔مریضوں کو ریفرل اسپتال کی سفارش پر بھی داخل کرایا جاسکتا ہے۔
بنگلور انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (بی آئی ایل) کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مریض کے لئے لازمی ہے کہ وہ آدھار کارڈ، ریفرل اسپتال کے ذریعہ فراہم کردہ نسخہ اور متعلقہ طبی دستاویزات لائے۔یہ سہولت مائلڈ ہائپوکسیا (ایسی حالت ہے جس میں جسم یا جسم کا علاقہ ٹشو کی سطح پر آکسیجن کی فراہمی سے محروم ہے) کے ساتھ مریضوں کے علاج کے لئے تیار کی گئی ہے۔یہاں علاج تومفت ہو گالیکن ادویات، ٹسٹ اور ایمبولینسوں کے معاوضے کے اخراجات مریضوں کوخود برداشت کرنے ہوں گے۔ آکسیجن کی ترسیل کے ایک ٹرانزٹ سنٹر کے طور پر تیار اس نئے مرکز سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مریضوں کے لئے انتہائی ضروری راحت اور علاج فراہم کرے گا، جب تک کہ وہ کسی اسپتال میں داخلے حاصل کرنے کے قابل نہ ہوجائیں۔ تاہم یہ مرکز حاملہ خواتین یاسنگین معاملات اور ہائی فلو آکسیجن سپورٹ / آئی سی یو بستروں کی ضرورت والے علاج کے لئے درکار سہولتوں سے لیس نہیں ہے۔اس سنٹرکو ایک فارمیسی، پیتھالوجی یونٹ، نرسوں کا اسٹیشن، بیت الخلاء، مطبخ اور پینے کے پانی کی سہولیات سے آراستہ ہونا ہے۔ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے ایک 24x7 ایمبولینس دستیاب رہے گی۔ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹر نریش شیٹی، ڈاکٹر ننداکومر جئے رام اور ڈاکٹر الیگزینڈر تھامس پر مشتمل ڈاکٹروں کا ایک پینل اس مرکز کے کام کاج میں تکنیکی مدد فراہم کرے گا۔